درامن کے میئر Tore Opdal Hansen کی جانب سے پیغام
درامن میں خوش آمدید! مجھے خوشی ہے کہ آپ نے درامن میں رہنے کا انتخاب کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ ہمارے شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
درامن شہر تیزی سے پھیل رہا ہے اور پچھلے کچھ سالوں سے شہر کی آبادی میں سالانہ دو فیصد سے زیادہ اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلی دو دہائیوں میں ہم نے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے بہت کوشش کی ہے۔ دریا کی صفائی کی گئ ہے اور دریا کے کناروں پر پارک اور چہل قدمی کے راستے بناۓ ہیں۔ سڑکوں کے نیٹ ورکس میں تبدیلیاں کی گئ ہیں اور نئ سڑکیں بنا کر اب ٹریفک کو مرکزی شہر کے باہر سے گزارا جاتا ہے جبکہ شہر کے مرکز کی بھی مکمل تجدید ہو چکی ہے۔
درامن ایک بین الاقوامی شہر ہے اور آبادی کا 20 فیصد حصہ تارکین وطن کا پس منظر رکھنے والوں پر مشتمل ہے یعنی یہاں تقریبا 150 ممالک سے تعلق رکھنے والے 12000 سے زیادہ افراد رہتے ہیں۔ اس کے اثرات ہمارے ثقافتی میلوں اور پروگراموں، ہمارے تھیٹروں، میوزک اور آرٹ ، کاروبار اور صنعت کے شعبوں میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ہمیں اپنے تنوع پر فخر ہے اور ہم اپنے شہر کی آئندہ ترقی میں اس تنوع کو ایک اثاثے کو طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تنوع کے سبب تخلیقی صلاحیت اور جدّت کو فروغ ملتا ہے اور شہر کی سماجی، معاشی اور ثقافتی زندگی کو تحریک ملتی ہے۔ میں درامن کے میئر کی حیثیت سے مستحکم ارادہ رکھتا ہوں کہ درامن کو اس کے تمام باشندوں کیلئے خوشحال اور اچھی زندگی کا امین بنایا جاۓ گا اور یہاں سب کو مواقع حاصل ہوں گے۔
ایک مرتبہ پھر درامن کا انتخاب کرنے کیلئے آپ کا شکریہ!
درامن کا ثقافتی تنوع